21 اپریل 2012 - 19:30

تحریک حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ نے کہا ہےکہ حماس نے قومی مصالحت کے معاہدے پر عمل درآمد کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی ہے۔

ابنا: فلسطینی نیوز ایجنسی سما کی رپورٹ کے مطابق خلیل الحیہ نے کہا کہ تحریک حماس نے فلسطینی قوم کے مفادات کی راہ میں دوحہ معاہدے کے مطابق اتفاق کیا تھا کہ فلسطینی انتظامیہ کے صدر کی سربراہی میں قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی انتظامیہ کی شرطیں اور محمود عباس کی طرف سے کھڑی کی جانے والی رکاوٹیں صاف ظاہر کرتی ہیں کہ محمود عباس قومی اتحاد کی حکومت تشکیل دینے کے حق میں نہیں ہیں اور صرف صیہونی حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمود عباس کو چاہیے کہ دوحہ معاہدے کے مطابق وہ حماس کے ساتھ مل کر حکومت بنائيں۔ ادھر حماس کے ایک اور رہنما اسماعیل رضوان نے کہا ہے کہ حماس غزہ کے بغیر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کرے گي۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی ریاست غزہ کے بغیر وجود میں نہیں آسکتی اور آزاد فلسطینی ملک کی تشکیل کے لئے فلسطین کے سارے مقبوضہ علاقوں کو آزاد کرانا ہوگا۔....... /169